ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میونسپل کونسلروں نے کیا پی ایس آئی اور خاطی اہلکاروں کو معطل کرنے کا مطالبہ

بھٹکل میونسپل کونسلروں نے کیا پی ایس آئی اور خاطی اہلکاروں کو معطل کرنے کا مطالبہ

Tue, 15 Jun 2021 19:14:49    S.O. News Service

بھٹکل 15 جون (ایس او نیوز)  بھٹکل بندر روڈ ففتھ کراس میں عبدالمقیت اور عبدالمقسط  کے  مکان میں مبینہ طور پر  گھس کر   پانچ لوگوں کو  جیل لے جاکر جس بری طرح پیٹائی کرنے کا معاملہ سامنے آیا تھا، اُس واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے  بھٹکل میونسپل کونسلروں نے    منگل کو  بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ   واردات میں ملوث ایک پی ایس آئی سمیت دیگر ملوث  پولس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کیا جائے اور اُن کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔

میونسپل کونسلر محی الدین الطاف کھروری کی قیادت میں اے سی ممتادیوی کو میمورنڈم سونپتے ہوئے کونسلروں نے  بتایا کہ  8 جون کو  پولس اہلکاروں نے جس طرح گھر میں گھس کر  دو بچوں سمیت پانچ لوگوں کو   تھانہ لے جاتے ہوئے اُن کی جس طرح سے دھلائی کی،  اُن کے پیٹ کو لاتیں مارتے ہوئے  زخمی کیا گیا، مسجد کے ایک مولانا کے ساتھ بھی بے حرمتی کی گئی، ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ   اس طرح کی غیر قانونی  حرکتیں ناقابل قبول ہیں،  قانون کے رکھوالے ہی اگر قانون کو توڑنے لگیں گے تو عوام کا قانون پر سے اعتماد اُٹھ جائے گا،  اس لئے اس  پر روک لگنا ضروری ہے۔ اوراس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ  آئندہ اس طرح کی واردات رونما نہ ہونے پائے۔

میمورنڈم میں عبدالقیت کے مکان میں جانے والے بعض      پولس اہلکاروں کے نام بھی  ظاہر کئے گئے ہیں اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام ملوث اہلکاروں کو سسپنڈ کیا جائے۔

    میونسپل نائب صدر قیصر محتشم، اسٹینڈنگ کمیٹی چیرمین فیاض مُلّا، کونسلرس نسیم افروز مُلا، شبینہ شینگیری، شبینہ تاج،  عبدالروف نائطے، محتشم عبدالعظیم اور اِمشاد مختصر  اس موقع پر موجود تھے۔

کونسلروں کی طرف سے بعد میں بھٹکل ڈی وائی ایس پی کو بھی  میمورنڈم سونپا گیا، اسی طرح کاروار ایس پی اور کاروار ڈپٹی کمشنر کو بھی  بذریعہ ای میل میمورنڈم روانہ کیا گیا ہے۔


Share: